
اختتام پزیر ہونے والا سال 2021 ڈیجیٹل کرنسی اور کرپٹو کرنسی کیلئے کچھ حد تک اب تک کا بہترین سال ثابت ہوا ہے۔
کرپٹو کرنسی دور جدید کی وہ سوچ ہے جس کے ذریعے آنے والے دور میں کرنسی یعنی نوٹ بھی دنیا کی دیگر چیزوں کی طرح ڈیجیٹل ہوجائے گی، جس کے لین دین کیلئے انٹرنیٹ تک رسائی یا ڈیجیٹل ڈیوائس لازم ہوگی ، یہ ایک ایسی سوچ ہے جسے ابھی دنیا میں اس حد تک حوصلہ افزائی نہیں ملی ہے کہ لوگ باقاعدی کاغذی کرنسی چھوڑ کر ڈیجیٹل کرنسی کی جانب چلیں جائیں۔
کر پٹو کرنسی نے کسی حد تک سرمایہ کاری کے شعبے میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے اور دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کو بطور سرمایہ کاری کے شعبے کے دلچسپی بڑھتی نظر آرہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ سال 2021 اس حوالے سے کرپٹو کرنسی کیلئے اب تک کا بہترین سال ثابت ہوا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2021 میں عالمی سطح پر کرپٹو کرنسی کے لین دین میں مجموعی طور پر 340 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ سال کا آغاز کرپٹو کرنسی کیلئے چھوٹے بڑے سرمایہ کاروں کی جانب سے نقد رقم کی سرمایہ کاری کی بھرمار سے شروع ہوا جس کے بعد پورا سال صف اول کی کرپٹو کرنسی یعنی بٹ کوائن اور دیگر کرنسیز کی گرفت مضبوط ہوتی گئی۔
بٹ کوائن یکم جنوری 2021 سے اوپر جانا شروع ہوا اور اپریل 2021 کے وسط میں 120 فیصد اضافے کے بعد یہ65 ہزار ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا تھا ، اس کی وجہ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی اس میں بڑھتی دلچسپی،ٹیسلا اور ماسٹر کارڈ جیسی کمپنیوں اور وال اسٹریٹ بینکوں کی جانب سے بڑھتی قبولیت بتائی جاتی ہے۔
اسی طرح آن لائن پیمنٹ کے مشہو ر پلیٹ فارم پے پال نے بھی کرپٹو کرنسی کی ادائیگیوں کو قبول کرتے ہوئے اپنی ایپ میں بٹ کوائن اور ای ٹی ایچ کا اضافہ کردیا ہے، پے پال کے بعد ایف آئی ایس نے بھی بٹ کوائن کو تسلیم کرتے ہوئے اپنےدروازے کھول دیئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10crptoazaafa.jpg