
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان و اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری بیوی سیدہ دانیہ شاہ نے عامر لیاقت کی دوسری بیوی طوبیٰ انور کے متعلق کہا ہے کہ اگر وہ اپنے شوہر کی زندگی میں واپس آنا چاہتی ہیں تو مجھے اعتراض نہیں۔ میں تو انہیں بڑی بہن سمجھوں گی۔
عامر لیاقت نے اپنی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے ہمراہ ایک میگزین ایف ایچ ایم کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے کہا کہ طوبیٰ ابھی بھی میری بیوی ہے انہوں نے اپنے طور پر خلع کا دعویٰ دائر کیا ہے میں تو آج بھی ان کی عزت کرتا ہوں کبھی طوبیٰ کو برے الفاظ میں یاد نہیں کیا ان کے لیے گھر کے دروازے کھلے ہیں وہ جب جی چاہے آجائیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا میں نے انہیں طلاق نہیں دی، انہوں نے خلع مانگی ہے اور خلع کے لیے دونوں فریقین کا رضامند ہونا ضروری ہے لیکن میں تو عدالت گیا ہی نہیں لہذا یہ خلع ہی کہلائے گی لیکن شرعی خلع نہیں ہوگی اور اگر طوبیٰ کہیں اور شادی کرتی ہیں تو وہ ناجائز شادی ہوجائے گی اور وہ زنا ہو گا۔
عامر لیاقت نے طوبیٰ انور کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طوبیٰ اپنی زندگی اچھے طریقے سے گزاریں، کہیں پر ملازمت کریں، کام کریں اگر میرے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں تو نہ رہیں لیکن اسلام کے دائرے سے باہر نہ نکلیں۔ دانیہ میری زندگی میں ہے۔ طوبیٰ جب آنا چاہیں آجائیں لیکن اب دانیہ میری زندگی سے کہیں نہیں جائیں گی۔
میزبان نے دانیہ شاہ سے پوچھا آپ نے عامر لیاقت کو ایک اور شادی کرنے کی اجازت دی ہے لیکن جو لڑکی اپنے شوہر سے پیار کرتی ہے وہ تو نہیں چاہتی کہ اس کا شوہر مزید شادی کرے؟ اس سوال کے جواب میں دانیہ شاہ نے کہا جہاں میرے شوہر خوش ہوں گے وہاں میں خوش ہوں گی ان کی خوشی میں میری خوشی اور میری خوشی میں ان کی خوشی ہے۔
عامر لیاقت نے اپنی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے شوبز میں آنے سے متعلق کہا کہ میں دانیہ کو شوبز میں ساتھ لے کر آؤں گا۔ میں دانیہ کو رمضان ٹرانسمیشن میں اپنے ساتھ لے کر آؤں گا۔ اس کے علاوہ میں اردو فلکس کے ساتھ کچھ ڈرامے کررہا ہوں تو ہوسکتا ہے کہ دانیہ کو ان ڈراموں میں ساتھ لے آؤں۔
انٹرویو کے دوران عامر لیاقت نے بتایا کہ وہ دانیہ کو ہنی مون پر تھائی لینڈ لے کر جائیں گے اور جب دانیہ سے پوچھا گیا کہ آپ کو کراچی کے لوگ کیسے لگے تو انہوں نے کہا کراچی کے لوگ تھوڑے سائیکو ہوتے ہیں۔