سوشل میڈیا پر چند دن پہلے ایک خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اپنے شوہر سے طلاق کا جشن منا رہی تھی جس پر صارفین کی طرف سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق طلاق کا جشن منانے والی خاتون کا نام شہروز نور محمد ہے جس کے والد کا تعلق سندھ سے بتایا گیا ہے اور اس کی والدہ کا تعلق بھارت کے شہر ممبئی سے ہے، خاتون کبھی بھارت گئی نہ پاکستان، 11 برس کی ہونے پر اس کے والد چل بسے۔ 17 برس کی ہونے پر اس کا بھائی بھی ان کا ساتھ چھوڑ گیا جس کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ اکیلی رہ گئی۔
شہروز نور محمد امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں رہائش پذیر ہے اور وہ ہیلتھ کیئر انڈسٹری کے ساتھ ساتھ پرسنگ سٹائلنگ کے شعبے میں وابستہ ہے اور دلہنوں کو شادی کی تقریب کے لیے تیار کرتی ہے۔ شہروز نور محمد مقامی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں جانی پہچانی شخصیت ہے اور 4 برس کی عمر سے رقص کی شوقین ہونے کے ساتھ ماڈلنگ بھی کرتی رہی ہے، شہروز مقامی ریڈیو انٹرٹینمنٹ کے ایک پروگرام کی میزبانی بھی کر چکی ہیں۔
شہروز ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر بھی ہے اور اپنی زندگی کے بارے میں لکھنا بھی پسند کرتی ہے، اس کی زندگی میں جو کچھ ہوتا ہے اس سے لوگوں کو باخبر رکھتی ہے، لوگ اس کی شادی کے بارے میں جانتے تھے اور اب طلاق کے بارے میں بھی سب کچھ جانتے ہیں۔ شہروز نے بتایا کہ اس نے اپنے شوہر کی امریکی شہریت کیلئے اس سے شادی کی اور اپنی والدہ کے ساتھ ساتھ اس کا خرچہ بھی اٹھاتی رہی ہے۔
خاتون کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ جب میں پریشان تھی اور روتی تھی اس وقت تو کسی نے بھی کچھ کہنا گوارا نہیں کیا اور اب طلاق ہونے کے بعد میں خوش ہوں تو لوگوں سے میری خوشی ہضم نہیں ہو رہی، آگ لگ گئی ہے۔ میرا شوہر اپنے والدین کی طرح ایک ریسٹورنٹ کھولنا چاہتا تھا مگر سوال تھا کہ اس کے وسائل کہاں سے آئیں گے؟ شوہر مقروض ہوتا رہا، وہ دو دو نوکریاں کرتی تھی اس کے باوجود اس کے پاس اپنے لیے کچھ نہیں بچتا تھا جس کی وجہ سے گھریلو جھگڑوں میں اضافہ ہوتا گیا۔
خاتون نے بتایا کہ میرا طلاق ہونے کے بعد جشن منانے کی وجہ یہ تھی کہ میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی تھی، خواتین اگر اپنی شادی شدہ زندگی سے خوش نہیں ہیں یا اپنے شوہر کے ہاتھوں ذلت برداشت کر رہی ہیں تو انہیں ایسی شادی کو خدا حافظ کہہ دینا چاہیے اور نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کرنا چاہیے۔