صبا قمر کو یونیسیف نے پاکستان میں بچوں کے حقوق کی سفیر مقرر کر دیا

saba-qamr-un-pak.jpg


صبا قمر کو یونیسیف نے پاکستان میں پہلی دفعہ بچوں کے حقوق کی سفیر مقرر کر دیا

جہاں کہیں بھی جائوں گی تو بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرتی رہوں گی: صبا قمر

پاکستان ڈرامہ وفلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر کو پاکستان میں پہلی بار یونیسیف کی طرف سے بچوں کے حقوق کی قومی سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے دنیا بھر میں بچوں کی فلاح بہبود کے لیے کام کرنے والے ادارے یونیسیف کی طرف سے پاکستان میں پہلی دفعہ پاکستان ڈرامہ وفلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر کو بچوں کے حقوق کی قومی سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔

صبا قمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بچوں کے ساتھ گزارے گئے خوبصورت لمحات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس ہفتے کے دوران کچھ حیرت انگیز لوگوں سے ملاقات کا موقع ملا جن سے کچھ شاندار تجربات ہوئے، آپ لوگوں کو سنانے کے لیے میرے پاس بہت سی کہانیاں ہیں! جو جلد سامنے لاؤں گی!

صبا قمر نے یونیسیف کے پلیٹ فارم سے بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی ادارے کا شکریہ بھی ادا کیا۔ میں جہاں کہیں بھی جائوں گی تو بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح وبہبود کے لیے مشترکہ عزم کی حمایت میں کام کرتی رہوں گی۔


واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے ادارے یونیسیف نے پاکستان میں پہلی دفعہ بچوں کے حقوق کیلئے قومی سفیر کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔ صبا قمر ملکی وعالمی سطح پر بچوں کے حقوق کی سفیر کے طور پر یونیسیف کے تحت مختلف پلیٹ فارمز سے ان کے مسائل اجاگر کریں گی۔ صبا قمر ماضی میں بھی خواتین اور بچوں پر تشدد اور ان کے استحصال کے خلاف اپنے ڈراموں اور سوشل میڈیا پوسٹوں کے ذریعے آواز بلند کرتی رہی ہیں۔
 

Back
Top