جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللّٰہ نے بڑا انکشاف کردیا,انہوں نے کہا تیر اور شیر کے درمیان یہ شادی بالجبر ہے اور تیسری قوت نے زبردستی کروائی ہے,جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ لیں وہ اس سیاسی شادی پر خوش نہیں ہیں، جے یو آئی کا پیغام واضح ہے فی الحال تو پارلیمنٹ جائیں گے، پارلیمنٹ میں بھی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اور باہر بھی سسٹم کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
انہوں نےکہا معاہدہ تو یہ ہونا تھا کہ بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کیسے کریں گے، وہاں بدقسمتی سے اقتدار اور کرسیوں کی تقسیم کی بات کی جا رہی تھی، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پاور شیئرنگ کی اور عوام کے لیے ایک لفظ نہیں تھا۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا ہماری جماعت اس قسم کی حکومت کا حصہ نہ بنتی ہے اور نہ بنے گی، جو حکومت انہوں نے بنائی ہے یہ صرف اقتدار کے لیے ہے، قوم کی ترقی کے لیے نہیں، دونوں بڑی جماعتیں کل اقتدار میں نہیں تھیں تو کہتی تھیں کہ دھاندلی ہوئی آج اقتدار میں جارہے ہیں تو کہتے ہیں دھاندلی نہیں ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے شفاف الیکشن کا ہونا ضروری تھا۔
حافظ حمداللّٰہ نے مزید کہا الیکشن سے پہلے ہم سن رہے تھے کہ فلاں صوبہ فلاں جماعت اور وفاقی حکومت فلاں کو دی جا رہی ہے، جو ہم الیکشن سے پہلے سن رہے تھے الیکشن کے بعد وہی کچھ ہوا، صاف اور شفاف الیکشن تو ہوا ہی نہیں، اس لیے ہم تحریک چلائیں گے۔
حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے,اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جب کہ آصف زرداری صدر کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری دعا ہے ملک کامیاب ہو، ہماری مشکلات دور ہوں، تمام مسائل کے حل میں اللہ ہمارا ساتھ دے، ملک کو بحرانوں سے نکالنےکے لیے ن لیگ کا ساتھ دے رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس حکومت بنانے کے نمبر پورے ہیں، ہم نئی حکومت بنانےکی پوزیشن میں ہیں، آصف زرداری کوپانچ سال کے لیے صدر مملکت منتخب کروائیں گے، دیگر اتحادی ایم کیو ایم اور ق لیگ سب مل کر ووٹ ڈالیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا کہ آزاد امیدوار اپنی اکثریت ثابت کریں اور حکومت بنائیں، ہم دل سے قبول کریں گے، تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے اتحادکیا ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے پاس حکومت بنانےکے لیے نمبر پورے نہیں ہیں۔
صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم مشاورت سے آگے بڑھیں گے، آصف زرداری اور بلاول کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ باریاں لینے کی بات نہیں، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے، ہمارے اتحاد میں بزرگ بھی ہیں اور جوان بھی، دونوں مل جائیں تو بڑی طاقت بنتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hafiz-hamdullah-pdm2.jpg