
سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو فری ہینڈ ملنے کا انکشاف کرتے ہوئے اگلے 2 مہینوں کو اہم قرار دیدیا ہے۔
جی این این کے پروگرام"خبرہے" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عار ف حمید بھٹی نے کہا کہ میری اطلاع ہے کہ نواز شریف صاحب نے بھی شہباز شریف کو یہ کہہ کرمکمل فری ہینڈ دیدیا ہے کہ ہماری مزاحمت کی سیاست ناکام ہوچکی ہے، اسی لیے نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی اپنے حالیہ انٹرویو میں شہباز شریف کو ہی وزیراعظم کا امیدوار قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے خود کو بہتر امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی بہت کوشش کی مگر وہ ناکام رہے اور اس وقت شہباز شریف بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکے ہیں، شہباز شریف کی پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات بھی ایسے ہی نہیں ہوئی، بلاول بھٹو صاحب بھی شہباز شریف کی تعریف کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ وقت کا تعین تو نہیں کیا جاسکتا مگر اسکرپٹ تیار ہے اور اس وقت جو سیاسی طوفان عمران خان کے خلاف آنے کی تیاری کررہا ہے ایسا طوفان میں نے ساڑھے تین سال میں نہیں دیکھا، اس وقت حکومتی اتحادی ایم کیو ایم اور ق لیگ کی ملاقاتیں ہورہی ہیں، اے این پی نے بھی حکومت سے علیحدہ ہونے کی دھمکی بھی دیدی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت اپوزیشن کی حکمت عملی ہے کہ ہم خود اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد نہ لائیں بلکہ کوئی ایک حکومتی اتحادی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردے جس کے بعد عمران خان کو خود اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینا ناگزیر ہوجائے، جس کے بعد عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام ہوجائیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/free-handi1i1i1.jpg