
عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نےنومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملکی خزانہ خالی ہونے سے متعلق الزام کی تردید کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق موڈیز نے پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر کو 2 ماہ کی درآمدات کی ادائیگیوں کیلئے کافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کیلئے آئی ایم ایف کی معاونت درکار ہوگی تاہم اس وقت پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر صرف 2 ماہ کی درآمدات کی ادائیگیوں کیلئے کافی ہوں گے۔
موڈیز نے اپنی رپورٹ میں پاکستان میں ہونے والی سیاسی ہلچل کو غیر یقینی کی کیفیت قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اس وقت پیدا ہورہا ہے جب ملک بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر گررہے ہیں اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ ہورہا ہے، ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آنے والی نئی حکومت آئی ایم ایف سے رجوع کرتی بھی ہے یا نہیں۔
دوسری جانب سرکاری اعدادوشمار کے مطابق حکومت کے پاس اس وقت 22 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر ہیں جو ن لیگ کے 2018 میں چھوڑے گئے ذخائر سے اڑھائی گنا زیادہ ہیں۔ ن لیگ کی حکومت 2018 میں 9 ارب ڈالر چھوڑکرگئی تھی۔
واضح رہے کہ نومنتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد تقریر کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کی اور کہا تھا کہ قومی خزانے خالی ہوچکے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/state1h1112.jpg