
عدالتی حکم ہوا میں اڑا دیئے گئے، عدالت کے حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے باوجود سیکریٹری اسمبلی اور اسمبلی لابرانچ نے عبدالشکور شاد کو روکا گیا، رکن قومی اسمبلی نے مہمانوں کی گیلری میں بیٹھ کر ایوان کی کارروائی دیکھی۔
اجلاس کے بعد شکور شاد نے اسپیکر آفس کو عدالتی حکم کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا،اسپیکر آفس نے کہا اسپیکر نے شکور شاد کو استعفے کی تصدیق کے لیے ابھی طلب نہیں کیا،طلب کرنے کے بعد اسمبلی اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
عبدالشکور شاد نے بطور رکن قومی اسمبلی استعفے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا،اسلام آباد ہائی کورٹ نے کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کے استعفے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں اسمبلی کی کارروائی میں شریک ہونے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے جولائی میں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے جانے والے استعفوں پر تحریک انصاف کے 11 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا،الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے علاوہ ان پر ضمنی الیکشن کا شیڈول بھی جاری کر دیا تھا۔