
نیویارک/نئی دہلی: سیکیورٹی امور کی ممتاز ماہر اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر کرسٹین فیئر نے بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کے ٹاک شو سے احتجاجاً شرکت ختم کر دی۔ انہوں نے اس فیصلے کی وجہ پروگرام کے "جنگجو اور شور شرابے سے بھرپور" ماحول کو قرار دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں پروفیسر کرسٹین فیئر نے لکھا کہ جب ہر کوئی چیخ و پکار میں مصروف ہو اور تعمیری یا معقول گفتگو کی کوئی گنجائش نہ ہو، تو ایسے مباحثے میں بیٹھنا وقت کا ضیاع ہے۔ "دنیا میں کرنے کو بہت سی اہم چیزیں ہیں، بجائے اس کے کہ میں ایسے شور زدہ پروگرامز میں وقت ضائع کروں"، انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا۔

پروفیسر فیئر کا یہ مؤقف بھارتی میڈیا، خاص طور پر ارناب گوسوامی کے شوز، پر ایک شدید تنقید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں سنجیدہ موضوعات پر بھی اکثر گفتگو الزام تراشی، جذباتیت اور بلند آہنگ نعروں میں دب جاتی ہے۔
یہ واقعہ بھارتی ٹی وی ڈبیٹ شوز کی اس پالیسی پر بھی سوالیہ نشان ہے، جو اکثر غیر جانبداری اور دلیل پر مبنی مکالمے کے بجائے سنسنی اور تکرار کو ترجیح دیتے ہیں۔ کرسٹین فیئر کا شو چھوڑنا نہ صرف ایک انفرادی فیصلہ ہے بلکہ ایک ایسے میڈیا کلچر کے خلاف علامتی احتجاج بھی ہے جو سنجیدہ مباحثے کی جگہ تماشہ بنا چکا ہے۔