
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں انتظامی تبدیلیوں کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو ایک بار پھر چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جس میں سابق بورڈ حکام، کرکٹرز اور دیگر شخصیات شامل کی گئی ہیں۔
14 رکنی خصوصی کمیٹی آئندہ چار ماہ بورڈ کے معاملات کو سنبھالے گی، پی سی بی 2014 کے آئین کی بحالی کے حوالے سے معاملات بھی خصوصی کمیٹی کے سپرد کردیئے گئے ہیں۔
کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق نجم سیٹھی اس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ پی سی بی کے سابق بورڈ آف گورنر شکیل شیخ، گل زادہ، نعمان بٹ، سابق ٹیسٹ کرکٹرہارون رشید، پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کمیٹی میں شامل ہوں گی۔
کمیٹی کے دیگر اراکین میں پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر اعزید سید،لاڑکانہ ریجن کے سابق صدر تنویر احمد، کوئٹہ ایسوسی ایشن کے سابق صدر گل محمد کاکڑ، پی سی بی بورڈ آف گورنر کے سابق رکن ایاز بٹ اور عارف سعید، اسٹار کرکٹر اور سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی، سابق کرکٹر شفقت رانا اور سپریم کورٹ کےو کیل مصطفیٰ رمدے شامل ہوں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shahi11h11.jpg