کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 2 چینی شہری زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائٹ) ایریا کے ایک پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جہاں سیکیورٹی گارڈ اور چینی شہریوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد گارڈ نے فائرنگ کر دی۔
پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں غیر ملکی شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال کے ترجمان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ایک زخمی کی حالت نازک ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی فیضان علی نے صحافیوں کو بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ اور چینی شہریوں کے درمیان پہلے لفظی جھگڑا ہوا، جس کے بعد گارڈ نے فائرنگ کر دی۔ پولیس حکام کے مطابق یہ دونوں چینی شہری فیکٹری میں کام کر رہے تھے، اور جھگڑا ممکنہ طور پر کام کے دوران ہوا۔
کراچی پولیس نے اس واقعے کے بارے میں مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تاکہ ان کی زندگی بچائی جا سکے۔
اس واقعے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گورنر سندھ نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے اور تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی جامع تحقیقات کی جائیں گی اور انکوائری رپورٹ کے بعد پولیس کارروائی کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔