
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد احسن بھون اور سیکرٹری وسیم ممتاز ملک نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا اور کسی بھی سیاسی سرگرمی میں حصہ لینا پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکومت کو کسی سیاسی جماعت کی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔
بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت کو کسی شہری یا سیاسی کارکن کو بنیادی حقوق کے حصول سے روکنا نہیں چاہیے۔ سیاسی کارکن یا شہریوں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جو کہ قانون اور آئین کے منافی ہیں۔
سپریم کورٹ بار نے حکومتی اقدامات کی مذمت کرتے کہا کہ وکلا کی رہائش گاہوں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔ بار کے عہدیداران نے اس بات پر اظہار تشویش کیا کہ جس طرح بابر اعوان اور فواد چودھری جیسے سینئر وکلا کو پیشہ ور سرگرمیوں سے روک دیا گیا۔
سپریم کورٹ بار نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور ایسے اقدامات کرنے سے گریز کرے جو قانون اور آئین کے خلاف ہوں اور ہر کسی کو آئین کے تحت ان کے بنیادی حقوق کا دفاع کرنے کی اجازت دی جائے۔