
پی ٹی آئی کے دو ایم این ایز عطااللّٰہ اور فہیم خان کی قیادت میں اسلام آباد میں موجود سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے کارکنان کو ایم این ایز سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
سندھ ہاؤس پر حملے میں ملوث دونوں ارکان اسمبلی اور کارکنوں کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، شیخ رشید کا کہنا تھاکہ میں نے آئی جی کو ہدایت کی ہے کہ حملہ آوروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کارکنان کے دھاوے کی مذمت کرتا ہوں، ارکان اسمبلی سمیت جو جو ملوث ہے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔
اب سے کچھ دیر قبل پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے اسلام آباد میں موجود سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا، گیٹ توڑ کر احاطے میں داخل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان نے دھرنا دے دیا اور نعرے بازی کی جس کے بعد کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔
کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس کے اندر داخل ہوئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ لوٹوں کو باہر نکالو۔ پی ٹی آئی کےرکن قومی اسمبلی عطا اللہ نیازی بھی کارکنان کے ساتھ موجود تھے۔
سندھ ہاؤس میں تعینات پولیس اور کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پولیس نے تحریک انصاف کے متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے خلاف کارکنوں نے فیصل آباد اور پشاور میں احتجاج کیا، فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجاریاض کےخلاف ضلع کونسل چوک پرپی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے راجہ ریاض کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جبکہ پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب کے باہر نورعالم خان کے خلاف بھی احتجاج کیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4sindhusegirtar.jpg
Last edited: