
سندھ پولیس نےکچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے اندرون سندھ کچے کے علاقے میں چھپے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیلئےاربوں روپے کے فنڈز کے تقاضے کیلئے سمری تیار کرلی ہے،جس میں جدید ترین میدانی ہتھیار اور نگرانی کے آلات کی خریداری کی منظوری کی درخواست کی گئی ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ کچے کے علاقوں میں چھپے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو سمری بھجوادی گئی ہے،سمری میں مجموعی طور پر 2ارب80کروڑ روپےکے ہتھیار و آلات کی خریداری کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سمری مظہر نواز شیخ کی سربراہی میں 9 افسران پر مشتمل ٹیم نے تیار کی ہے ، اس ٹیم نے کئی اجلاسوں اور کئی دنوں کی مشاورت کے بعد آلات و ہتھیاروں کی ضرورت اور صحیح تعداد کا جائزہ لیا،کمیٹی نے مشترکہ طور پر 20 ابابیل فائیو چارلی کواڈ کاپٹر، 20 لائٹ اسنائپررائفل، جدید سازو سامان، چار کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بس یاکنٹینر،12 مختلف قسم کے ہتھیارکی خریداری کی سفارش کی ہے۔
سمری کے ساتھ سندھ پولیس کی جانب سے وزیراعلی سندھ کو ایک خط بھی ارسال کیا گیا ہے جس میں کچے کے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال اور اب تک کی آپریشن سے متعلق بریفنگ دی گئی، خط میں بتایا گیا کہ جنوری 2022 سے اب تک کچے کے علاقے میں متعددکارروائیاں کی گئیں جن میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kacchei1h121.jpg