
سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ہندو خاتون کے لرزہ خیز قتل کی تحقیقات کیلئےجوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے علاقے سنجھورو میں گزشتہ روز 45 سالہ ہندو خاتون کےقتل کےمعاملے پرچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردار ی اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے ڈی ایس پی کی قیادت میں جے آئی ٹی تشکیل دیدی ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر پیپلزپارٹی کی سینیٹر کرشنا کماری نے سنجھورو پہنچ کر مقتولہ کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انہیں ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
یادرہے کہ گزشتہ روز سنجھورو میں 45 سالہ شریمتی گھاس کاٹنے کیلئے گئی مگر کافی دیر گزرنے کے باوجود واپس نہیں آئی تو اس کے گھر والے اس کی تلاش میں نکل کھڑے ہوئے۔
گاؤں سے باہر ویرانے میں ایک مقام پر شریمتی کی لاش برآمد ہوئی ، تلاش کیلئے جانے والے مقتولہ کے بھائی کے مطابق شریمتی پر قتل سے قبل تشدد کیا گیا پھر اس کی گردن کو جسم سے علیحدہ کیا گیا اور بعد میں اس کی لاش کے ٹکڑےٹکڑے کیے گئے۔
مقتولہ کے گھر کے ایک بزرگ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں نا ہی گھر میں کوئی جھگڑا تھا، نہیں جانتے شریمتی کا قتل کس نے کیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس جائے واردات پر پہنچی ۔
ایس ایس پی سانگھڑ نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ قاتل ایک شخص نہیں تھا بلکہ ایک سےزیادہ لوگ تھے، واردات کے بعد قاتل اسی گاؤں کے اندر داخل ہوئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/bheel1h1i11i.jpg