
حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبہ سندھ میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے تاہم سندھ کے ساتھ منسلک بھارتی سرحد پر واقع ریاست راجھستان میں صرف4 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے بیشتر علاقے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر واقع ہیں،حالیہ مون سون کی بارشوں نے جس طرح پورے پاکستان کی طرح سندھ کو اپنی لپیٹ میں لیا اسی طرح سندھ سے ملحقہ بھارتی ریاست راجھستان میں بھی خوب بارشیں برسیں۔
تاہم راجھستان میں بے گھرہونے والےافراد کی تعداد صرف چار ہزار رہی جبکہ سندھ میں یہ تعدادلاکھوں تک جاتی ہے۔
بھارتی محکمہ آبی وسائل کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق راجھستان میں بڑے چھوٹے716ڈیمز ہیں ، حالیہ ریکارڈ بارشوں کے دوران ان میں سے 101 ڈیم مکمل طور پر بھر گئے جبکہ373 ڈیم جزوی طور پربھرے،ا تنی بارشوں کے باوجود راجھستان میں ابھی بھی231 ڈیمز بالکل خالی ہیں۔
دوسری جانب سندھ میں اس وقت فعال ڈیمز کی تعداد اتنی کم ہے کہ یہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ناکافی ہیں۔