
فرانسیسی خبر رساں ادارے فرانس24 کے مطابق پیر22 نومبر سے سعودی عرب میں خواتین کی فٹبال لیگ کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ اقدام2017 سے خواتین کے فٹ بال اسپورٹ پروگرام کے لیے مختص فیڈریشن کے ٹائم فریم کے تحت کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ سعودی ڈومیسٹک ریجنل لیگ دو مرحلوں میں منعقد ہوگی۔ اس کے پہلے مرحلے میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ ٹیمیں سعودی عرب کے تین شہروں الریاض، جدہ اور الدمام میں اپنے میچ کھیلیں گی۔
سعودی فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسرالمشعل کا کہنا ہے کہ خواتین لیگ کے انعقاد کااعلان ساف کی تاریخ کا سب سے اہم لمحہ ہے۔ خواتین فٹ بال لیگ کے تمام متعلقہ قواعد وضوابط کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ فیڈریشن سعودی خواتین فٹ بال کے اس ایڈیشن کی اہمیت کی وجہ سے ان قواعد و ضوابط پرعمل درآمد کی خواہاں ہے۔
فٹ بالر فرح جعفری اس اقدام سے بہت خوش ہیں۔ وہ پروفیشنل فٹ بال کھیلنا چاہتی ہیں اور اپنے ملک کی ورلڈ کپ میں نمائندگی کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ "شروع میں مجھے بہت مشکلات ہوئیں کیونکہ ہر کسی نے میرے فیصلے کو قبول نہیں کیا۔ مگر میرے دوستوں اور گھر والوں نے بہت حوصلہ افزائی کی"۔
یاد رہے کہ سعودی ویژن 2030 کے تحت مملکت میں خواتین کو ہر شعبے میں مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ خواتین گاڑی چلانے، ملازمت کرنے سمیت کھیل کے پیشوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ سعودی خواتین اسلحہ چلانے کی بھی تربیت لینے لگی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/20211121_175602.jpg