
جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی)کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تیل کے حوالے سے نہیں بلکہ گرین انرجی کے حوالے سے اگلا سعودی عرب بن سکتا ہے۔
غیرملکی سفیر الفریڈ گراناس نے کہا پاکستان میں گرین ہائیڈروجن کافی مقدار میں پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جسے جرمنی کو بھی برآمد کیا جاسکتا ہے۔ جرمنی کی گرین ہائیڈروجن کی پیداوار ناکافی ہے، لہٰذا گرین انرجی ایک ایسا شعبہ ہے، جس میں جرمنی کو برآمدات کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے کہا جرمن کمپنیاں گرین ہائیڈروجن کی پیداوار کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ شمسی، آبی، پون اور روایتی توانائی کے کچھ حصوں کو یکجا کرنے کے لیے ضروری ٹیکنالوجی بھی لا سکتی ہیں۔
جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کے حالات میں اتار چڑھاؤ جاری ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جرمن سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ صرف اسی صورت میں سرمایہ کاری کریں گے جب وہ مستحکم حالات اور اچھا منافع دیکھیں گے۔
انہوں نے جی ایس پی پلس اسکیم کے بارے میں کہا کہ اگرچہ جی ایس پی پلس پاکستان اور جرمنی کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوا ہے لیکن اس کے جاری رہنے کے بارے میں فیصلہ یورپی پارلیمنٹ کرے گی اور اگر وہ ناں کہہ دیتی ہے تو پاکستان کو جی ایس پی پلس کی رعایت حاصل نہیں رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کے شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور پاکستان کے جی ایس پی پلس سے متعلق وعدوں کے بارے میں کچھ شکوک وشبہات ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/germany-pakistan-ins.jpg