
سال 2022ء، وفاقی وزراء کے غیرملکی دوروں پر خرچ کی تفصیلات سامنے آگئیں، ایوان میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق عبدالقادر پٹیل کے غیرملکی دوروں پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار روپے کے اخراجات آئے: ذرائع
کابینہ ڈویژن کی طرف سے سال 2022ء میں وفاقی وزراء کے غیرملکی دوروں پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی گئیں۔ کابینہ ڈویژن کے ایوان میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال میں وزرائے مملکت اور وفاقی وزراء نے 25 غیرملکی دورے کیے جن پر مجموعی اخراجات 6 کروڑ 52 لاکھ روپے آئے جس میں سے وفاقی وزیر صحت ورہنما پاکستان پیپلزپارٹی عبدالقادر پٹیل کے غیرملکی دوروں پر سب سے زیادہ اخراجات ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ایوان میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق عبدالقادر پٹیل کے غیرملکی دوروں پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار روپے کے اخراجات آئے، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے غیرملکی دوروں پر 45 لاکھ 69 ہزار اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے غیرملکی دوروں پر 24 لاکھ 91 ہزار روپے کے اخراجات آئے۔
وفاقی وزیر برائے کلائمیٹ چینج شیری رحمن کے غیرملکی دوروں پر 49 لاکھ 17 ہزار ، وزیر دفاع خواجہ آصف کے غیرملکی دوروں پر 31 لاکھ 67 ہزار 9سو، وزیر توانائی خرم دستگیر کے غیرملکی دوروں پر 26 لاکھ 44 ہزار ، وفاقی وزیر اسد محمود کے غیرملکی دوروں پر 18 لاکھ 46 ہزار 632 کے اخراجات ہوئے جبکہ مریم اورنگزیب کے غیرملکی دورے 6 لاکھ 49 ہزار روپے میں ہوئے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے وفاقی کابینہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے 23 فروری کو کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی وزراء، مشیر، معاونین خصوصی اور وزرائے مملکت کی طرف سے مراعات اور تنخواہیں نہ لینے کے علاوہ بجلی، گیس ودیگر بلز اپنے جیب سے ادا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کابینہ اراکین کے استعمال میں آنے والی تمام لگژری گاڑیاں واپس لے کر نیلام کر دی جائیں گی اور جہاں بھی ضرورت پڑی تو وزراء کی سکیورٹی کیلئے ایک گاڑی دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اندرون وبیرون ملک وفاقی وزراء اکانومی کلاس میں سفر کریں گے جبکہ ان کے معاون عملے کو غیرملکی دوروں پر ساتھ جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی نہ ہی کابینہ اراکین 5 سٹار ہوٹلوں میں قیام کریں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/cabinnhs.jpg