
کراچی کے ساحل پر گھوڑے والے کی غیر ملکی کو لوٹنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ گھوڑوں پر سیر کرانے والا لڑکا غیر ملکی سیاح سے خود پہلے 200 روپے مانگتا ہے لیکن سیاح کو ایک چکرلگوانے کے بعد 3 ہزار روپے کا مطالبہ کر دیتا ہے۔
ویڈیو بناتے ہوئے غیر ملکی اسے طے شدہ رقم 200 بتاتا ہے۔ مگر یہ لڑکا ضد کرتا ہے اور الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والے انداز میں اسے کہتا ہے کہ وہ بغیر پیسے دیئے نہیں جاسکتا اور اسے پورے 3 ہزار روپے ہی چاہییں۔ ساحل پر سیاحوں کو سیر کرانے والے مافیا کا کارکن 3 ہزار روپے پر بضد رہتا ہے لیکن سیاح زیادہ پیسے دینے پر تیار نہیں۔
سیاح گھوڑے والے کو 200 روپے دینے کیلئے 500 کا نوٹ دیتا ہے تو وہ پھینک دیتا ہے، اسی دوران دوسرا شہری عمل دخل کرکے اپنے پاس سے ایک ہزار روپے دے کر معاملہ ختم کراتا ہے۔
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین غیر ملکی سیاح کے ساتھ اس رویے پر ناراض ہیں اور گھوڑے والے کو مافیا قرار دیتے ہوئے کراچی کی انتظامیہ سے اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
لیوک ڈیمنٹ نامی یہ سیاح یوٹیوبر بھی ہے جس نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان آئیں تو اس شخص پر کبھی اعتبار نہ کریں۔ ویڈیو کے آخر میں اس گھوڑے والے سے جان چھڑانے پر ڈیمنٹ ملتان سے تعلق رکھنے والے اس پاکستانی نوجوان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/luke-and-karachi.jpg