سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کےایک اور قریبی ساتھی لاپتہ

5parvevzelahidisot.jpg

امجد پرویز بٹ کے بھائی کی طرف سے متعلقہ تھانے میں ان کے اغوا کے حوالے سے درخواست جمع کروائی گئی ہے: رپورٹ

نجی ٹی وی چینل سنو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب وصدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کے قریبی ساتھی وسابق چیئرمین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی امجد پرویز بٹ کو جی ٹی روڈ سے حراست میں لیا گیا تھا۔

گزشتہ روز سے اب تک امجد پرویز بٹ کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ گجرات پولیس کی طرف سے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امجد پرویز بٹ کے بھائی کی طرف سے رحمانیہ پولیس اسٹیشن گجرات میںان کے اغوا کے حوالے سے درخواست جمع کروائی گئی ہے لیکن پولیس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی طرف سے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا ہے۔


گزشتہ روز امجد پرویز بٹ کو گجرات پرانے جی ٹی روڈ سے مبینہ طور پر حراست میں لیا گیا تھا، بعدازاں ایک شخص کے ان کی گاڑی نئے جی ٹی روڈ پر ایک شاپنگ مال کی پارکنگ میں چھوڑ کر جانے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

امجد پرویز بٹ کے خاندان سے رابطہ کرنے پر پتا چلا کہ عید کے تیسرے روز ان کی پنجاب ہائوس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد ہی انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔ وہ سودا سلف لینے گھر سے نکلے تھے، فون پر رابطہ کیا جو بند جا رہا تھا، ٹریکر کی مدد سے گاڑی ٹریس ہوئی۔ چودھری پرویز الٰہی کے وزارت اعلیٰ کے دور میں انہیں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے چیئرمین کا عہدہ دیا گیا تھا۔ 12 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی ان کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

رحمانیہ پولیس سٹیشن گجرات میں درج درخواست میں امجد پرویز بٹ کے بھائی نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بھائی کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ گجرات پولیس کے مطابق امجد پرویز بٹ کے بھائی کے اغوا کی درخواست پر کارروائی کر رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا ہے۔
 

Back
Top