
سابق صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کی تدفین کیلئے کراچی میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، قبر بھی تیار کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی میں انتقال کرنے والے سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کی تدفین و نماز جنازہ کیلئے کراچی میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، مرحوم پرویز مشرف کی میت آج شام خصوصی پرویز کے ذریعے دبئی سے کراچی لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کی میت کے ساتھ طیارے میں ان کی بیوہ صہبا مشرف، بیٹا بلال مشرف اور بیٹی آئیں گی، پرویز مشرف کی نماز جنازہ کل دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر کراچی کے پولو گراؤنڈ ملیر کینٹ میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم کی تدفین کیلئے کراچی کے فوجی قبرستان میں انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں، مرحوم کی قبر کی تیاری کا عمل بھی جاری ہے، فوجی قبرستان کے اطراف میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی کیلئے رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق صدر مملکت اور آرمی چیف جنرل (ر)پرویز مشرف گزشتہ روز دبئی کے امریکن اسپتال میں طویل عرصے زیر علاج رہنے کےبعد انتقال کرگئے تھے، کراچی کے ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے عملے کو آج صبح پرویز مشرف کی تدفین کیلئے خصوصی احکامات موصول ہوئے تھے جس کے بعد ان کی قبر کی تیاری شروع کی گئی۔