
زرمبادلہ کے ذخائر میں 14 ہفتے مسلسل کمی کا تسلسل ٹوٹ گیا، ذخائر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق 10 فروری کو اختتام پزیر ہونے والےکاروباری ہفتے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تقریبا ساڑھےتین ماہ بعد اضافہ دیکھا گیا، اس ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 27 کروڑ60 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ریکارڈکیا گیا۔
ملک کے مجموعی زرمبادلہ کےذخائر کی مالیت 8 ارب70 کروڑ22 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئی جس میں اسٹیٹ بینک کے 3 ارب19 کروڑ 29 لاکھ ڈالرز شامل ہیں۔
کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 11 کروڑ50 لاکھ ڈالرز کی کمی آئی جس کےبعد کمرشل بینکوں کے پاس5ارب50 کروڑ93 لاکھ ڈالرز کے ذخائر بچےہیں۔
خیال رہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ 14 ہفتوں کے دوران مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی تھی، مجموعی طور پر اس عرصے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 6ارب ڈالرز کی کمی واقع ہوئی ہے۔
دوسری جانب حکومت توقع ظاہر کررہی ہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے قسط ملنے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوجائیں گے اور 10 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے جبکہ حکومت ورلڈبنک،ایشیائی ترقیاتی بنک اور عرب ممالک سے بھی مدد کی توقع ظاہر کررہی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/zarmab.jpg