
کراچی کی عدالت نے موٹرسائیکل سوار کی جانب سے رکشہ میں سوار لڑکی کو ہراساں کرنے پر 2ماہ قید اور 20ہزار جرمانے کی سزاسنادی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی عدالت نے شاہراہ فیصل پر رکشہ میں سوار لڑکی کو راستے میں موٹرسائیکل سوار نوجوان کی جانب سے ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔
18 جولائی کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے سارے منظر کی ویڈیو شیئر کی تھی اور کہا تھا کہ مجھے آپ سب کی جانب سے صرف ایک شیئر کی ضرورت ہے کیونکہ میں ابھی تک اس واقعہ کو سوچ سوچ کر کانپ رہی ہوں۔
خاتون کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ چند موٹرسائیکلوں پر سوار نوجوان رکشہ میں سوار خاتون کو چھیڑنے اور ہراساں کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور وہ یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ خاتون ان کی ویڈیو بنارہی ہے مگر وہ اس پر بھی ڈھیٹ بن کر ہنستے ہوئے سیٹیاں بجاتے اور جملے کستے رہے۔
ویڈیو بنتی دیکھ کر ایک نوجوان رکشے کے قریب آتا ہے اور کہتا ہے "اپنے گھر والوں کو دکھاؤ گی کیا ویڈیو"، یہ کہتے ہوئے وہ رکشے کو ٹھوکر مارتا اور اسے روکنے کی کوشش کرتا ہے مگر نہ خاتون ویڈیو بنانا بند کرتی ہے اور نہ ہی رکشہ ڈرائیور رکشے کو روکتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1417429236730810382
واقعے کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ ایکشن میں آئی ، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کیا اور ملزم حمزہ کو دو ماہ قید اور 20ہزار جرمانے کی سزا سناتے ہوئے حمزہ کو جیل منتقل کردیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5karach%20harasan.jpg