
امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ نہ تھم سکا، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق آج انٹر بینک میں روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا اور امریکی ڈالر مزید صفر اعشاریہ11 فیصد مہنگا ہوگیا۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز 168 روپے 94 پیسے کی سطح پر ٹریڈ ہونے والے امریکی ڈالر 18 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 169 روپے12 پیسے پر فروخت ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 90 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ڈالر 170 روپے 50 پیسے میں فروخت ہوا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1438087615975149573
آج کے دن کاروبار کے دوران انٹر بینک میں ایک موقع پر ڈالر 169 روپے 70 پیسے کی سطح تک پہنچ گیا تھا ، اس موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مداخلت کی جس کے بعد ڈالر کی قدر میں تنزلی دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی ادائیگیوں اوردرآمدات میں اضافے کے باعث روپیہ تنزلی کا شکار ہے، ملک میں حالیہ معاشی صورتحال کی بے یقینی بھی ڈالر کی مقامی مارکیٹ میں طلب میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 174.62 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 46716.72 پوائنٹس تک پہنچا جبکہ کاروبار میں 0.37 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی اور 11 کروڑ 80 لاکھ 95 ہزار 679 شیئرز کا لین دین ہوا۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/YdkQq8K/4.jpg