
ایف آئی اے سائبر کرائم نے راولپنڈی کے علاقے ٹینچ بھاٹہ اقبال کالونی میں کارروائی کرکے بچوں کی نازیبا وڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت زین علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم زین کمسن بچوں کی نازیبا وڈیوز بنا کر بچوں کو بلیک میل کرکے ہراساں کرتا، ملزم کے خلاف تھانہ سائبر کرائم میں الیکٹرونکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے، گرفتار ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون کو فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن الطاف نگر سے 8 سالہ مدثر کی پھندا لگی لاش ملی ، جس پر پولیس نے قتل کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کیا، جنہوں نے تفتیش کے دوران بچے سے زیادتی اور اُسے قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
8سالہ بچے کی لاش کو میڈیکل کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے پوسٹمارٹم کرکے زیادتی کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچے کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔
ملزمان نے بیان دیا تھا کہ مقتول مدثر نے ہمیں پیٹرول چوری کرتے ہوئے دیکھ لیا تھا جس پر ہم نے اُسے قتل کیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مدثر اپنی بہن کے ساتھ گھر سے نکل کر کھیل رہا تھا اس دوران 2 افراد نے لڑکی کو پیسے دے کر چیز لینے بھیجا اور وہ جب واپس آئی تو بھائی سمیت تینوں غائب تھے۔
بعد ازاں اہل خانہ نے بچے کو تلاش کیا تو 45 منٹ کے بعد 8 سالہ مدثر کی گلے میں پھندا لگی لاش جھاڑیوں سے برآمد ہوئی۔ ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان نے کمسن مدثر کو زیادتی کے بعد گلے میں پھندا لگا کر قتل کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں شامل اصغر نے بچے کو اپنی بہن کے گھر یوسف گوٹھ میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنانے اور جرم کو چھپانے کے لیے کمسن بچے کو قتل کیا پھر لاش کو خالی پلاٹ پر جھاڑیوں کے قریب پھینک کر فرار ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/20220213_142016.png