
پی ٹی آئی دھرنے کیلیے اداروں کی جگہ تبدیل کرنے کی تجویز
راولپنڈی کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے دھرنے کا مقام تبدیل کرنے کی تجویز دے دی ہے، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی فیض آباد کے قریب دھرنا دینے کی خواہشمند ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے دھرنے کا مقام علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دی ہے، پی ٹی آئی راولپنڈی کے قائدین نے جگہ کی تبدیلی پرمشاورت کے لیے مزید وقت طلب کرلیا ہے۔
عمران خان نے چھبیس نومبر کو دھرنے کی کال دے رکھی ہے،راولپنڈی میں 26 نومبر کو ہونے والے پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث حساس عمارتوں کی سیکیورٹی اور پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز متاثر ہونے کا خدشہ بھی منڈ لا رہاہے، انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی 26 نومبر کو اسلام آباد میں پڑاؤ ڈالے گی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان ہیلی کاپٹر پر راولپنڈی پہنچیں گے۔ ہیلی کاپٹر سے اسٹیج تک سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی نظر ثانی جاری ہے، راولپنڈی میں فیض آباد کے قریب انتہائی اہم تنصیبات بھی موجود ہیں، راولپنڈی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قائدین کو تمام خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔
26 نومبر دھرنا حقیقی آزادی مارچ کا تسلسل ہے، سابق وزیراعظم عمران خان دھرنے کی قیادت کریں گے،عمران خان حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، عمران خان پارٹی رہنماؤں سے 26 نومبر کو راولپنڈی کال کے حوالے سے مشاورت کریں گے اور اہم نکات پر تبادلہ خیال بھی کریں گے، پارٹی رہنماؤں سے حکومت کے خلاف فیصلہ کن مرحلے کی تیاریوں پر بھی غور ہوگا۔