
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران اینڈ کمپنی نے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلی سطحی اجلاس ہوا،اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، ڈیلی میل کی معافی ، رانا ثناء اللہ کی بریت ، سیلاب کی تباہ کاریوں اور بحالی کے کاموں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران اینڈ کمپنی نے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ، 4 سال میں آنے والی معاشی تباہی کو 6 مہینوں میں ختم نہیں کیا جاسکتا، عوام کو پتا چل گیا ہے کہ کون ایماندار ہے کون بے ایمان، کون سچا ہے اور کون جھوٹا۔
ن لیگ کے رہنماؤں نے اجلاس میں مہنگائی، بے روزگاری اور ملک کی معاشی صورتحال سے متعلق حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا،اجلاس کے شرکاء نے راناثناء اللہ کی منشیات اسمگلنگ کیس میں بریت اور ڈیلی میل کی غلط خبر شائع کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف سے معافی مانگنے پر مبارکبا دی اور خیر مقدم کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ منشیات کیس میں بری ہوگئے۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت لاہور نے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کی تو رانا ثناءاللہ سمیت دیگر ملزمان نے پیش ہوکر حاضری لگوائی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ranan-shanshs.jpg