
پاکستانی فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" بھارت میں ریلیز کیلئے تیار ہے، یہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد بھارت میں تھیٹر میں ریلیز ہونے والی پاکستان کی پہلی فلم ہو گی۔
اِن آکس لیژر لمیٹڈ کے چیف پروگرامنگ آفیسر راجیندر سنگھ جیالا کا کہنا ہے کہ اسے پنجاب اور دہلی کے ان آکس کےچند سینما گھروں میں لگایا جائیگا جہاں پنجابی لوگ رہتے ہیں۔
بھارتی اخبار کے مطابق ملٹی پلیکس چین پی وی آر سینماز نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر ریلیز کا اعلان کیا تھا لیکن جلد ہی اس اعلان کو ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
تاہم ملٹی پلیکس چین پی وی آر کی جانب سے کہا گیا تھا "پیش کر رہے ہیں دی لیجنڈ آف مولانا جٹ کا آفیشل پوسٹر ! جو اس جمعے کو پی وی آر میں آرہی ہے"۔
پاکستانی بلاک بسٹر ایکشن ڈرامہ فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 10 ملین ڈالر کا بزنس کر کے اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی فلم بن گئی ہے،یہ فلم 13 اکتوبر کو پاکستان میں ریلیز کی گئی تھی۔
اس کے مرکزی کردار ماہرہ اور فواد اپنے مقبول پاکستانی ڈرامے "ہمسفر" اور بالی ووڈ کے ذریعے بھی بھارتی ناظرین میں مقبول ہیں۔
فواد خان جو حال ہی میں سپر ہیرو سیریز "مس مارول" میں بھی جلوہ گر تھے، انہوں نے خوبصورت، کپور اینڈ سنز اور اے دل ہے مشکل میں کام کیا ہے جبکہ ماہرہ شاہ رخ خان کی فلم رئیس میں کنگ خان کے ساتھ نظر آئی تھیں۔
بھارت میں تھیٹر میں ریلیز ہونے والی آخری پاکستانی فلم بول تھی جو کہ 2011 میں ریلیز کی گئی تھی۔ اس میں ماہرہ خان اور عاطف اسلم نے اداکاری کی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/maula-juth1h1111.jpg