پاکستان فلم وڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثنا کی طرف سے اپنے اور اپنے اہل خانہ کی جان کو خطرے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دھمکی آمیز کالیں آرہی ہیں۔
ثنا فخر نے اپنے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور میرے اہل خانہ کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور مجھے دھمکی آمیز کالز بھی موصول ہو رہی ہیں۔ مجھے مختلف نمبروں سے دھمکی آمیز کالیں کی جا رہی ہیں جبکہ میری گاڑی کا پیچھا بھی کیا جا رہا ہے جس سے میں خوفزدہ ہوں۔
ثنا فخر کا کہنا تھا کہ دھمکی آمیز کالیں کر کے مجھے اور میرے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور انسٹاگرام پر موجود میرا اکائونٹ بھی بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے میں پریشان ہوں۔ مجھے اپنے سابقہ خاوند اور سسر کی طرف سے بھی ہراساں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے میں پریشانی سے دوچار ہوں اور بہت اذیت میں ہوں۔
ثنا فخر کا کہنا تھا کہ ان دھمکی آمیز کالوں کے خلاف متعلقہ اداروں کے ذریعے قانونی کارروائی کرنے جا رہی ہوں اور اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پیچھے ہٹنے والی نہیں، ان کا مقابلہ کروں گی۔ واضح رہے کہ ثنا فخر نے 14 سال بعد اپنے شوہر فخر جعفری سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور اس موقع پر اپنے انسٹاگرام اکائونٹ سے ایک پوسٹ بھی شیئر کی تھی۔
ثنا فخر نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میرا دل ٹوٹ گیا ہے مگر بعض اوقات تعلق ختم کرنا ضروری ہو جاتا ہے تاکہ آپ مزید ٹوٹنے سے بچیں اور خود کو ٹوٹنے سے بچا سکیں۔ میں نے اور فخر نے زندگی کے بہت سے نشیب وفراز دیکھنے کے بعد کئی سالوں پر محیط اس شادی کو باعزت طریقے سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ثنا نے فخر جعفری کے ساتھ 13 دسمبر 2008ء کو شادی کی تھی اور ان کے 2 بیٹے ریان امام اور عاضی امام ہیں۔