
دورہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی منسوخی کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے پاکستان دورہ سے متعلق اہم بیان جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے دورہ پاکستان پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہلے میچ کے ٹاس سے کچھ لمحے پہلے دورہ منسوخی کے اعلان اور اس کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کو منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آئندہ برس شیڈولڈ دورے پر بھی سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان کے حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں۔
یہ بیان کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کول ہچکوک نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا آئندہ برس شیڈولڈ دورہ پاکستان کیلئے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، متعلقہ حکام سے بات چیت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اگلے سال فروری میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈولڈ ہے جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔
یادرہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے 1998 کے بعد پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی ہے، اس پورے عرصے کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والی پاکستان کی ہوم سیریز نیوٹرل مقامات پر کھیلی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/02fQ3M0/10.jpg