
بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد کپتانی سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 7 سال تک ٹیسٹ ٹیم کے کپتان رہنےو الے ویرات کوہلی ایک کے بعد ایک فارمیٹ کی کپتانی سے سبکدوش ہورہے ہیں، سب سے پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی دکھانے کے بعد انہوں نے ٹی20 کی کپتانی سے استعفیٰ دیا جس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹادیا۔
تاہم وہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان برقرار رہے، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ویرات کوہلی نے اس فارمیٹ کی کپتانی سے بھی سبکدوش ہونے کا اعلان کیا اور اپنا استعفیٰ ٹویٹر پیغام میں شیئر کیا۔
انہوں نے اپنے استعفیٰ میں لکھا کہ ٹیم کو ایک نئی جہت اور سمت کی جانب لے جانے کیلئے میں نے7 سال کی طویل محنت کی اور میں نے اس ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا 120 فیصد صرف کیا۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے اتنے طویل عرصے کیلئے یہ ذمہ داری سونپی اور میرے ساتھ کھلاڑیوں کا بھی شکریہ جنہوں نے اس عرصے میں میرا بھرپور ساتھ دیا، مجھ پر بطور کپتان اعتبار کرنےوالے ایم ایس دھونی کا شکریہ۔
https://twitter.com/x/status/1482340422987169794
ویرات کوہلی کے اس پیغام کو بعد ازاں بی سی سی آئی کی جانب سے بھی ری ٹویٹ کیا گیا جس میں بورڈ نے ویرات کوہلی کی خدمات پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ویرات کوہلی نے 68 میچز میں بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے40 میچز میں فتح دلوائی اور اس کارکردگی نے انہیں سب سے بہترین کپتان ثابت کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/kohli-resign11n11.jpg