
رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی اہلیہ دانیا شاہ کی جانب سے تنسیخ نکاح کی دائر درخواست میں لگائے گئے الزامات اور مطالبات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں عامر لیاقت پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تنسیخ نکاح کے دعوے میں دانیا شاہ نے عامر لیاقت حسین سے 11کروڑاکیاون لاکھ پچاس ہزار روپے کے حق مہر اور 1 لاکھ روپے ماہانہ نان و نفقہ کا دعویٰ کیا ہے،دانیا شاہ کے مطابق نکاح کے وقت ان کے مہر میں 11 کروڑ روپے مالیت کی ایک کوٹھی،مبلغ 25لاکھ روپے،45لاکھ روپے مالیت کی گاڑی،4 روپے مالیت کا تین تولہ سونا لکھوایا گیا تھا جو بارہا تقاضہ کرنے کے باوجود ادا نہیں کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ دانیا شاہ اور عامر لیاقت کے درمیان5فروری2022 کو نکاح ہوا ،دونوں کی کوئی اولاد نہیں ہے، نکاح کیلئے عامر لیاقت نے دانیا کےوالد کو سبز باغ دکھائےا ور رشتہ حاصل کیا، شروع شروع میں عامر لیاقت نے اپنی بیوی سے اچھا برتاؤ کیا مگرپھر بات بات پر تشدد کرنا ان کا معمول بن گیا۔

دانیا شاہ نے الزام عائد کیا کہ عامر لیاقت آئس سمیت متعدد نشہ آور اشیاء استعمال کرتا اور انہیں بھی ایسے نشے کرنے پر مجبور کرتا، صرف یہی نہیں عامر لیاقت انہیں غیر محرم مردوں کے سامنے آنے اور فحش ویڈیوز بنانے پر بھی مجبور کرتا تھا، انکار پر دانیا شاہ کو کمرے میں قید کردیا جاتا اور ان پر ظلم وتشدد کیا جاتا۔

درخواست میں کہا گیا کہ عامر لیاقت اپنے رکن قومی اسمبلی ہونے کا دھونس جماتا اور رینجرز کی دھمکیاں دیتااور دانیا کو خاموش رہنے پر مجبور کرتا، دانیا کے پاس ان تمام دھمکیوں کے آڈیو ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔
دانیا شاہ نے موقف اپنایا کہ نان ونفقہ و حق مہر کی رقم کے مطالبے کے دوران26 اپریل کو عامر لیاقت نے مجھے بدترین تشدد کا نشانہ بناکر گھر سے نکال دیا جس کے بعد میں اپنے والدین کے گھر چلی گئی اور اب میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوں۔

عامر لیاقت کی اہلیہ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ شادی کے وقت ان کے والدین نے انہیں 20 لاکھ روپے مالیت کا جہیز دیا تھا جس پر عامر لیاقت قبضہ کرچکے ہیں ، جہیز کی واپسی کیلئے بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ نان و نفقہ و حق مہر کی رقم ان کا شرعی و قانونی حق ہے لہذا عدالت عامرلیاقت حسین کو حکم دے کہ وہ مہر کی رقم و نان ونفقہ کی ذمہ داری لیتے ہوئے انہیں اپنے نکاح سے آزاد کردیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/19daniashahdetailappli.jpg