خیبر پختونخوا :دہشتگردی کی کارروائیوں میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کاانکشاف

ig-kpk111.jpg

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ دہشت گردوں کی کارروائیوں کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف خیبر پختونخوا کے انسپکٹرجنرل (آئی جی)پولیس معظم انصاری نے کیا اور کہا کہ حالیہ دہشت گردی کی وارداتوں میں تھرمل ویپن سائٹ جیسے جدیدہتھیاروں کا استعمال ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید ہتھیار لکی مروت، بنوں، مردان اور ٹانک کے علاقوں میں ہونے والی دہشت گردوں کی کارروائیوں کے دوران استعمال ہوئے۔

آئی جی کےپی کے نے کہا کہ ہمارا خدشہ ہے کہ دہشت گرد تھرمل ویپن سائٹ کی ٹیکنالوجی افغانستان سے لائےہیں، امکان یہی ہے کہ امریکی و نیٹو فورسز کے انخلا کے بعد چھوڑےگئے یہ ہتھیار دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے ہاتھ لگ گئے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں سرحد کے قریب کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں افغان حکومت کی رٹ نہیں ہے، دہشت گردوں کے مقابلے کیلئے صوبے کی پولیس کو رواں ہفتے کے اندر اندر ترمل ویپن سائٹ کی ٹیکنالوجی فراہم کردیں گے۔
 

Back
Top