
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کردیا، پروگرام کے تحت 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی دوتہائی آبادی 30 سال سے کم ہے اور ملک کے مستقبل کا انحصار نوجوانوں کی بامقصد تعلیم اور ہنر سیکھنے پر ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 30 ہزار بے روزگار گریجویٹ نوجوانوں کے لیے ’’باصلاحیت نوجوان انٹرن شپ پروگرام‘‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا دورانیہ 6 ماہ ہوگا اور انہیں 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔وزارت منصوبہ بندی کا اصل کام نوجوانوں کے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کی ترقی کا انحصار نوجوانوں اور نجی شعبے کے فعال کردار پر ہے،ہمیں اختلافات بھلا کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ 22 کروڑ کی آبادی کے ملک کی معیشت 8 ماہ میں نہیں ڈوبتی، جب گھر میں آگ لگی ہو تو پہلا کام آگ بجھانا ہوتا ہے۔ کس نے آگ لگائی، اس کا فیصلہ بعد میں کر سکتے ہیں۔ ہر پاکستانی کو اس وقت ٹرن اراؤنڈ پاکستان مہم کا چیمپئن بننا ہو گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/insten11h.jpg