خواتین پرنوٹ نچھاور کرنے سے منع کرنے پر جھگڑا، شادی والے گھر کوآگ لگادی

shadii111.jpg


فیصل آباد میں گزشتہ رات 2 گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے دوران شادی والے گھر کو نذر آتش کردیا گیا، واقعے میں خواتین پر مبینہ تشدد کی بھی اطلاعات ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ فیصل آباد کے علاقے فاروق آباد میں گزشتہ رات ایک شادی والے گھر میں اس وقت پیش آیا جب کچھ لوگوں نے خواتین پر نوٹ نچھاور کرنے سے منع کیا جس کے بعد ایک جھگڑا شروع ہوگیا۔

پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں خواتین پر نوٹ نچھاور کرنے سے منع کرنے کے معاملے پر شروع ہونے والا جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے 2 گروہوں کی شدید لڑائی میں تبدیل ہوگیا جس میں ایک گروہ نے مشتعل ہوکر شادی والے گھر کو ہی آگ لگاڈالی۔

دوسرے گروہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ملزمان نے نہ صرف گھر کو آگ لگائی بلکہ خواتین کو بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ 14 ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے جن میں سے ایک ملزم کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیا اور فوری طور پر آر پی او فیصل آباد سے واقعہ پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
 

Back
Top