
سینئر ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اغوا کےمعاملےکی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ اغوا کرنے والے ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینئر ڈرامہ رائٹر اور مصنف خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کا نشانہ بنائے جانے کی تفتیش میں نئی پیش رفت ہوئی ہے، تفتیشی ٹیم کے مطابق جس گروہ نے خلیل الرحمان قمر کو اپنے جال میں پھنسایا وہ سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔
گروہ میں شامل مرکزی ملزم حسن شاہ کے خلاف اس سے قبل ننکانہ صاحب میں اغوا، پرتشدد کارروائیوں اور بجلی چوری کے الزامات کے تحت 2 مقدمات درج ہیں، ملزم حسن شاہ منشیات کا عادی اور منشیات سمیت گرفتار بھی ہوچکا ہے۔
اس کے علاوہ گروہ میں شامل رفیق عرف فیکو کے خلاف شیخوپورہ میں قتل، اقدام قتل اور تشدد کے 6مقدمات درج ہیں، رفیق عرف فیکو لاہور میں بھی قتل کے ایک مقدمے میں اشتہاری ہے۔
دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم رفیق مرکزی ملزم حسن شاہ کیلئے بطور شوٹر کام کرتا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خلیل الرحمان قمر کو لاہور کے علاقے بحریہ ٹاؤن میں ایک خاتون نے اپنےگھر بلواکر غنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنوایا اور بعد میں انہیں اغوا کرواکے لوٹ مار بھی کی، واقعہ کے بعد خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ خاتون نے انہیں ڈرامہ بنانے کی پیشکش کرکے اپنے گھر مدعو کیا تھا، پولیس نے واقعہ کے فورا بعد ہی کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6khllaarecrdyafta.png