
سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ یہ حکومت 15 سے زائد مزید صحافیوں پر سنگین نوعیت کے مقدمات قائم کرنے جارہی ہے۔
جی این این کے پروگرام خبر ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا کہ خبریں آرہی ہیں کہ 15 صحافیوں پر اغوا جیسے سنگین الزامات کے تحت مقدمات قائم کیے جارہے ہیں،اللہ ان سب کا حامی و ناصر ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایف یو جے نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت صحافت کیلئے بدترین ملک بن گیا ہے،ایسے اقدامات سے فیٹف بھی پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کرے گا، حکومت آزادی صحافت پر قدغن نہیں لگاسکتی، صحافیوں کو بھی اپنی حدودمیں رہنا چاہیے اور اداروں کا احترام کرنا چاہیے۔
عار ف حمید بھٹی نے کہا کہ اختلاف رائے کو جب جبر، ناانصافی اور زور زبردستی سے کچلنے کی کوشش کی جائے گی تو اس کی سسکیاں بھی سنائی دیں گی۔
پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ بدقسمتی ہے اس حکومت نے اتنی مہنگائی کردی ہے کہ تحریک انصاف کا دور بادشاہت لگ رہا ہے، اس صورتحال میں جتنے بھی غیر جانبدار سروے ہوئے ہیں ان سب میں کہا جارہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔