
اسلام آباد: وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں غریب طبقہ پر کم سے کم بوجھ موجودہ حکومت کی پالیسی ہے، گیس کی قیمت نہیں بڑھی، گیس کی قیمت گھریلو صارفین کیلئے کم رکھنے کی تجویز دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ ایسے پرچون کی دکان نہیں چلتی جیسے ملک کو چلانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت چھوڑنے سے قبل اوگرا کو قیمتیں بڑھانے کا اختیار دیا تھا اور اب یہ قانون بھی بن چکا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔
سابق حکومت میں کی گئی ناقص منصوبہ بندی کی سزا عوام کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔ جانے والے عالمی اداروں سے وعدے کر گئے جنہیں ہم وفا کر رہے ہیں، یہ وعدے ریاست پاکستان کی حیثیت سے کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے گیس بحران سے نپٹنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی جب ایل این جی کی قیمت 4 ڈالر سے 22 ڈالر کے درمیان تھی اس وقت نہیں خریدی گئی، اس وقت ایل این جی قیمتیں 40 ڈالر تک ہو چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگی گیس خرید کر امیروں کو سستی کیسے دیں۔ امیروں اور غریبوں کے حقوق برابر ہیں، غریبوں کو بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، سوئی سدرن گیس کمپنی اور سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ایک ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت ایک ہزار روپے مقرر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کی قیمت بالکل نہیں بڑھی، اس حوالہ سے ساری افواہیں بے بنیاد ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کو اپنی حکومت کے خاتمے سے پہلے قیمتیں
بڑھانے کا اختیار دے دیا تھا اور یہ قانون بنا گئے ہیں کہ اوگرا کی سفارش کردہ قیمت 40 دن نافذ العمل ہو گی، اس قانون کے بعد حکومت کے پاس صرف عوام کو ریلیف دینے کا اختیار باقی بچا ہے۔ اس حوالہ سے ضرورت پڑنے پر قانون میں تبدیلی بھی لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 70 فیصد لوگ ایل پی جی کا استعمال کرتے ہیں جبکہ 30 فیصد لوگوں کے پاس گیس کنکشن ہے اور قیمت گیس سے 4 سے 6 گنا زیادہ ہے، بڑے گھروں میں رہنے والے لوگ گیزر اور ہیٹر کا استعمال کر رہے ہیں لیکن وہ ایل پی جی کے برابر قیمت ادا نہیں کرتے، انہیں ایل پی جی کی قیمت استعمال شدہ گیس کی قیمت کے برابر ادا کرنی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کے غریبوں کو ریلیف کیلئے تجاویز سے متعلق حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی، ملک موجودہ حالات میں امیر اور غریب کیلئے یکساں سبسڈی کا کسی صورت متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہم ملک بھر کی عوام کی بہتری کیلئے ہر سیاسی قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔