
جماعت اسلامی کے رہنما نے دورہ اسرائیل کے حوالے سے وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورت کے مطابق پاکستانی وفد کی جانب سے مبینہ دورہ اسرائیل کے حوالے سے سیاسی و سماجی حلقوں میں بحث زور و شور سے جاری ہے، سیاستدانوں اور عوام نے اس حوالے سے حکومت سے وضاحت جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایسا ہی ایک مطالبہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کی جانب سے سامنے آیا ، ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ کل سینیٹ کے اجلاس میں اسرائیلی مظالم کے خلاف میری قرارداد ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے صدر کی جانب سے پاکستانی وفد سے ملاقات کی تصدیق انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔
مشتاق احمد خان نے کہا کہ طاقتور ملکی و بین الاقوامی لابیز گزشتہ اور موجودہ حکومت کے ذریعے اسرائیل کیلئے نرم گوشہ پید کرنے کی کوشش کررہی ہیں، ہم اس معاملے پر پرزور مزاحمت کریں گے۔
https://twitter.com/x/status/1530852338218442753
واضح رہے کے میڈیا میں پاکستانی وفد کے دورہ اسرائیل کی تصدیق اسرائیلی صدر اسحاک ہرزوگ نے بھی کردی ہے اورکہا کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی 2 وفود سے ملاقاتوں میں امریکہ میں مقیم 2 پاکستانی بھی شامل تھے، پاکستانی وفد سے میری ملاقات خوش آئند رہی۔