
ایک طرف تو عوام حکمرانوں کی عیاشیوں سے پریشان ہے تو دوسری طرف بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی گئی ہے اور اب انکشاف ہوا ہے کہ ان سے 8 روپے فی یونٹ ٹیکس وصول کا جا رہا ہے۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس آج چیئرمین محسن عزیز کی صدارت ہوا جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے ٹیکس کی مد میں 8 روپے فی یونٹ وصول کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پاور کمیٹی محسن عزیز نے وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کی وجہ سے غریب شہریوں کی زندگی مشکل ہو گئی ہے، اگر بجلی استعمال کرتا ہے تب بھی مرتا ہے اور نہ کرے تب بھی مرتا ہے۔ بجلی مہنگی ہونے سے ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور مڈل کلاس شہری بھی شدید پریشان ہیں، خطے میں سب سے مہنگی بجلی پاکستان میں فراہم کی جا رہی ے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ میں اضافے کی شکایات سامنے آ رہی ہے اور اجلاس کو آئی پی پیز کے حوالے سے بھی تفصیلات بتائی جائیں کہ وہ اب تک کتنا منافع لے چکی ہیں؟ وزیر توانائی نے بتایا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا کردار پاور سیکٹر میں انتہائی کمزور ہے جس کی تنظیم نو کی جا رہی ہے۔
وزیر توانائی نے اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے پاور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر بجلی صارف فی یونٹ پر 8 روپے ٹیکس ادا کر رہا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس مشینری ٹیکس اکٹھے کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اس لیے پاور سیکٹر پر سارا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ پاور سیکٹر کو ایف بی آر نے ٹیکس کلیکشن ایجنٹ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں ہر چیز ڈالرز سے جڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی بے قدری ادائیگیوں کو اوپر لے جاتی ہے جبکہ بجلی کی طلب میں بھی ساڑھے 8 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے، اس کے علاوہ بجلی ترسیل کے مسائل ہیں جس سے سستی بجلی لوڈ سینٹرز تک لانے میں مسائل درپیش ہیں۔ ترسیلی مسائل کی وجہ سے سستی بجلی کے بجائے مہنگی بجلی کو استعمال کرنا پڑتا ہے، این ٹی ڈی سی کی تنظیم نو سے ان مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دریں اثنا سیکرٹری پاور ڈویژن کا قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ گرمیوں کے موسم میں بجلی کی طلب 30 ہزار میگاواٹ کے قریب تک بھی چلی جاتی ہے جبکہ سردیوں میں یہ طلب 8ہزار میگاواٹ تک چلی جاتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے سیکرٹری پاور سے پاور بلیک آﺅٹ کی وضاحت کرنے کو کہا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کسی خرابی کے باعث پاور سسٹم بند ہونے کے بلیک آﺅٹ کہا جاتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8hakokmattazfiyoujnususi.png