
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبد العلیم خان کہتے ہیں ہماری جماعت پی ڈی ایم،پی ٹی آئی دونوں کے خلاف الیکشن لڑے گی،ہم کسی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے،جہانگیر ترین ہمارے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
ایک انٹرویو میں علیم خان نے کہا محمود خان کو نہیں جانتا لیکن عثمان بزدار کو جانتا ہوں، محمود خان نکما ہوسکتا ہے لیکن کرپٹ نہیں تھا جبکہ عثمان بزدار رج کے کرپٹ اور نکمے تھے،ان کے دور میں 6مہینے کی پوسٹنگ کا الگ ریٹ تھا جبکہ ایک سال کی پوسٹنگ کا الگ جبکہ فرح گوگی،بشریٰ بی بی صوبہ چلا رہی تھیں،عثمان بزدار فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے فرنٹ مین تھے۔
انہوں نے کہا پنجاب میں کرپشن کی یہ حالت تھی کہ مختلف پوزیشنز کیلئے مختلف ریٹ تھے،تمام فیصلے مرشد کی منظوری سے ہوتے تھے،صرف میرے ساتھ نہیں بلکہ پوری قوم کے ساتھ دھوکہ ہوا ،نہ صرف چوروں کو اعلیٰ عہدے دیے گئے بلکہ انہیں تحفظ بھی فراہم کیا گیا۔
علیم خان نے مزید کہا کہاں ہیں 50لاکھ گھر،5ہزار گھر دکھادیں نہیں تو چیئرمین پی ٹی آئی 500گھر ہی دکھا دیں،میں چیئرمین پی ٹی آئی کو ایماندار نہیں سمجھتا،پی ٹی آئی کا دی اینڈ ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی اور پارٹی اب ایک ماضی کا قصہ ہیں۔
انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی ساڑھے 3سال اپنے بیٹوں کو نہیں ملے کیونکہ گھر سے اجازت نہیں تھی،پاکستان کو مرشد چلا رہے تھے ،ہر چیز کا فیصلہ مرشد سے ہوتا تھا،کس سے ملنا ہے کس وقت باہر نکلنا ہے سب فیصلے مرشد کے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/aleem-khan-jkt-pak-p.jpg