
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے اپوزیشن کو ایک بار پھر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کا موقع دے دیا، رپورٹ کے حوالے سے سینیئر تجزیہ کار بھی اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں، جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں سینیئر تجزیہ کار حسن نثار سے بھی گفتگو کی گئی، کہ ماضی عمران خان خود اس رپورٹ کو مستند قرار دیتے آئے ہیں تو کیا اب حکومت کے گھبرانے کا وقت آگیا۔
حسن نثار نے کہا کہ کرپشن تو ہمارے یہاں پاکستان کے ساتھ پیدا ہوئی، پھر یہ انداز زندگی بن گئی، اور اب بدانتظامی، بڑھتی آبادی اور دیگر مسائل نے صورتحال کو ضرب لگادی، جیسے جیسے غربت بڑھے گی،آبادی بڑھے گی، بھوک بڑھے گی،مہنگائی بڑھے گی، روپے کی قدر گرے گی، ویسے ویسے کرپشن بڑھتی چلی جائے گی۔
سینیئر تجزیہ کار نے کہا کہ وہ انسان جو پانچ لاکھ لوٹ رہا تھا جب خرچا بڑھ گیا تو اب اس کی ضرورت دس لاکھ کی ہوگئی، آنے والے دنوں میں کرپشن کوئی بھی نہیں سنبھال سکے گا، آبادی بڑھے گی کرپشن بڑھے گی، ملک قرضوں میں غرق ہے آبادی بڑھتی جارہی ہے، اس پر جھوٹ بولا جاتا ہے، اعداد وشمار غلط بتائے جاتے ہیں۔
حسن نثار نے کہا کہ یہ ہماری قومی انداز ہے کہ اگر میرے لئے کوئی انکشاف ہوگا کوئی حقیقت سامنے آئے گی تو میں اسے تسلیم کرنے اور معذرت کرنے کے بجائے جوابی الزامات لگاؤں گا،یہ ہمارا کلچر بن چکا ہے، عمران خان بھی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد اسی لئے کہہ رہے کہ اپوزیشن واویلا مچارہی ہے۔
حسن نثار نے کہا کہ ہم زندہ قوم ہیں صرف شاعری تک باقی تو سب ڈھکوسلا ہے، ہمارا طرز زندگی کرپشن ہی ہے، آپ سچا الزام لگاؤ میں دس جھوٹے الزام لگادوں گا،انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا اپنا اخلاقی وجود کوئی نہیں ہے، بندہ شفاف ہو تو اس کاتنقید کرنا بنتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/tii1i1i1ii21.jpg