جنسی ہراساں کرنیوالے ہدایتکار کا نام جلد منظرعام پر لاؤں گی: نادیہ جمیل

8nadiajailhidatakr.png

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ وسماجی کارکن نادیہ جمیل نے ایک بار پھر سے فلم وڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ ایک ہدایتکار کی طرف سے ہراسگی کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف کیا ہے۔

عفت عمر کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے انکشاف کیا ہے ماضی میں فلم وڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ ایک ہدایتکار کی طرف سے انہیں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کا نام وہ جلد منظرعام پر لائیں گی۔

نادیہ جمیل کا ہدایتکار کا نام لیے بغیر کہنا تھا کہ ماضی میں اس ہدایتکار کی طرف سے انہیں ہراساں کرنے کی پوری کوشش کی گئی تھی، واقعہ کے بعد دوبارہ کبھی اس کے ساتھ کسی بھی پراجیکٹ پر کام نہیں کیا اور وہ ہدایتکار حالیہ دور میں بہت کامیاب ہیں۔ میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ مشکل سے بچا جائے اور ایسے لوگوں سے بھی ہمیشہ دور رہتی ہوں جو میری زندگی میں مشکلات پیدا کریں گے۔

نادیہ جمیل نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ساتھی اداکار نعمان اعجاز کی طرف سے بھی انہیں ایک ڈرامے کی آفر کی گئی جس کا ہدایتکار وہی شخص تھا اس لیے میں نے انہیں انکار کر دیا اور خود ہی اس پراجیکٹ سے پیچھے ہٹ گئی۔ بہت جلد اس ہدایتکار کا نام بھی منظرعام پر لائوں گی کیونکہ اب تک اس نے نہ جانے کتنی لڑکیوں کو ہراساں کیا ہو گا۔

نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس ہدایتکار کا نام سامنے لانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ مستقبل میں مزید لڑکیاں اس کا نشانہ بننے سے بچیں لیکن فی الحال اس کا نام نہیں لے سکتی۔ میرے بیٹے ابھی چھوٹے ہیں ، ان کا خون گرم ہے، انہیں اگر پتہ چل گیا کہ وہ ہدایتکار کون ہے تو پتا نہیں اس کے ساتھ کیا کریں؟ میرے بیٹے تھوڑے اور بڑے اور سمجھدار ہوں گے تو اس کا نام میں خود انہیں بتائوں گی۔

واضح رہے کہ جولائی 2022ء میں اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکائونٹس میں بتایا تھا کہ صرف 4 سال کی عمر میں انہیں پہلی بار نشانہ بنایا گیا، 9 سال کی عمر میں دوسری بار، 17 سال کی عمر میں تیسری بار اور 18 سال کی عمر میں چوتھی بار انہیں جنسی ہراساں کیا گیا تھا۔ نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ کم عمر میں جنسی ہراسگی کے غم سے نکلنے میں بہت سال لگے، کافی عرصہ تک وہ صدومے، خوف، ڈپریشن اور شدید عذاب میں مبتلا رہی تھیں۔
 

Back
Top