
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک اہم تبدیلی کے تحت جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان سے قانونی امور کی ذمہ داری واپس لے کر ان کی جگہ جسٹس راجا انعام امین کو اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
یہ تبدیلی چیف جسٹس عامر فاروق کی منظوری سے ہوئی ہے، جس کے بعد ڈپٹی رجسٹرار نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا۔ اس نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جسٹس راجا انعام امین اب اسلام آباد ہائی کورٹ کے قانونی شعبے کی نگرانی کریں گے۔
نوٹی فکیشن میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ جسٹس راجا انعام امین منہاس کو عوامی مفاد میں فوری طور پر یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 2022 میں یہ ذمہ داری جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق کو سپرد کی گئی تھی۔
اس تبدیلی کے پس منظر میں، 7 فروری 2025 کو جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس عامر فاروق کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے جسٹس خادم سومرو کو کمیٹی میں شامل کرنے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ اس چھ صفحات پر مشتمل خط میں انہوں نے ہائی کورٹ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کی تبدیلی کو بھی غیر قانونی قرار دیا تھا۔
جسٹس بابر ستار نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ سینیارٹی لسٹ اور ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے نوٹی فکیشن واپس لیے جانے چاہئیں، کیونکہ یہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ بغیر اسلام آباد ہائی کورٹ جج کے حلف اٹھائے ٹرانسفر ججز کو کمیٹی میں شامل کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/kVxWW7xN/IHC-J.jpg