جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹائن مائر نے 23 فروری کو قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کے لیے پارلیمان کے ایوان زیریں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، برلن میں ایک تقریر کے دوران صدر اسٹائن مائر نے کہا کہ "اس مشکل وقت میں ہمیں ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو استحکام فراہم کر سکے، جس کے پاس کام کرنے کی صلاحیت ہو اور پارلیمان میں قابل اعتماد اکثریت ہو۔ یہی وجہ ہے کہ قبل از وقت انتخابات جرمنی کے لیے آگے بڑھنے کا صحیح راستہ ہیں۔"
یہ اعلان جرمن چانسلر اولف شولز کی 16 دسمبر کو ایوان سے اعتماد کا ووٹ نہ حاصل کرنے کے بعد سامنے آیا، جس کے بعد یورپ کی سب سے بڑی معیشت والے ملک میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا۔
صدر اسٹائن مائر نے مزید کہا کہ "انتخابات کے بعد مسائل کو حل کرنا ایک بار پھر سیاست کا بنیادی مقصد بن جانا چاہیے۔" انہوں نے انتخابی مہم کو منصفانہ اور شفاف انداز میں چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔
جرمن صدر نے خاص طور پر بیرونی اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بیرونی اثر و رسوخ جمہوریت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، چاہے وہ خفیہ ہو، جیسے کہ حالیہ رومانیہ کے انتخابات میں تھا، یا کھلم کھلا، جیسے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جو فی الحال شدت سے دیکھا جا رہا ہے۔"
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) سے تعلق رکھنے والے چانسلر اولف شولز، جو نئی حکومت کی تشکیل تک نگران حکومت کی سربراہی کریں گے، رواں ماہ کے آغاز میں وزیر خزانہ کرسچن لنڈنر کی فری ڈیموکریٹس کی پارٹی سے رخصتی کے بعد پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ ہار گئے تھے۔
اس صورتحال کے نتیجے میں رائے شماری کا عمل شروع ہو گیا ہے اور انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔ قدامت پسند جماعت کے رہنما فریڈرک مرز، جن کے بارے میں ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر شولز کی جگہ لے سکتے ہیں، نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے حد سے زیادہ قواعد و ضوابط نافذ کیے ہیں جس سے ترقی کی راہ میں رکاوٹ آئی ہے۔
اکثر جائزوں کے مطابق، قدامت پسند جماعت کو ایس پی ڈی پر 10 پوائنٹس سے زائد کی برتری حاصل ہے، جبکہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت ’الٹرنیٹو فار جرمنی‘ (اے ایف ڈی) ایس پی ڈی سے قدرے آگے ہے اور اتحادی جماعت گرینز چوتھے نمبر پر ہے۔
جرمنی میں مرکزی دھارے کی جماعتوں نے اے ایف ڈی کے ساتھ اتحاد کرنے سے انکار کر دیا ہے، لیکن اس کی موجودگی نے پارلیمانی ریاضی کو پیچیدہ بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے کمزور سیاسی اتحادوں کے قیام کے امکانات زیادہ ہو گئے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/germny.jpg