جدہ ایئر پورٹ پر سینکڑوں عمرہ زائرین پھنس گئے،بے یارومددگار

jaddah1112.jpg


سعودی عرب کے جدہ ایئرپورٹ پرسینکڑوں عمرہ زائرین پھنس گئے ہیں، فلائٹ کینسل ہونے سے 2 روز سے ایئر پورٹ پر بے یارومددگار موجود ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب عمرہ کی غرض سے جانے والے 200 سے زائد عمرہ زائرین واپسی کی فلائٹ منسوخ ہونے کے باعث 2 روز سے ایئر پورٹ پر ہی موجود ہیں، پاکستانی حکام کی جانب سے عمرہ زائرین کی واپسی کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، عمرہ زائرین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی ایئر لائنز کی پرواز ایس وہ738 نے 350 پاکستانیوں کو لے کر 3جنوری کو پاکستان کیلئے روانہ ہونا تھا مگر یہ پرواز آخری وقت میں منسوخ کردی گئی، ایئر پورٹ پر پھنسے مسافروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موسم کی خرابی کی وجہ بتا کر فلائٹ منسوخ کی گئی۔

ایئر پورٹ پر موجود ایک مسافر نے بتایا کہ گزشتہ دو روز سےایئر پورٹ پر ذلیل و خوار ہورہے ہیں، گزشتہ روز متعدد بار فلائٹ کا اعلان کیا گیا اور بورڈنگ بھی بار بار ہوئی مگرپھر فلائٹ منسوخ کردی جاتی تھی ، رات بھی گزر گئی اور آج صبح سےکسی نے آکر کوئی خبر نہیں دی کہ ہماری واپسی کیلئے کیا انتظام کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ پر موجود لوگوں کے حالات بہت برے ہیں، کھانے پینے کیلئے پیسے ختم ہوگئے ہیں، کچھ لوگ جن کے پاس پیسے موجود ہیں انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے مگر جو لوگ محدود وسائل کے ساتھ یہاں آئے تھے ان کےپاس پیسے ختم ہوچکے ہیں اور وہ کل سے بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں۔

ایئرپورٹ پر پھنسے عمرہ زائرین میں شامل ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ہم یہاں دو دن سے پھنسے ہوئے ہیں، جتنے پیسے تھے وہ خرچ کرچکے ہیں اور اب بالکل کنگال ہوچکےہیں اور بھوکےبیٹھے ہیں۔
 

Back
Top