
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں لیگی رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا کہ ابھی تو سابق چیف جسٹس کی آڈیو آئی ہے ابھی تو اور بھی بہت سی ویڈیوز آنا باقی ہیں۔
میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اس طرح کی چیزیں سامنے آنے سے پاکستان دنیا بھر میں بدنام ہو رہا ہے اور ہمارے ملک کی تضحیک ہو رہی ہے۔ اس سلسلے کو رکنا چاہیے۔ میزبان نے سوال کیا کہ بتادیں کے مسلم لیگ ن مزید متنازع ویڈیوز کب لیکر آ رہی ہے جن میں کچھ نیا دھماکا ہوگا۔
سوال کے جواب میں جاوید لطیف نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی کوئی تاریخ نہیں دی تھی انہوں نے تو کہا تھا کہ کچھ آنے والا ہے تو وہ آڈیو کلپ کی صورت میں آ گیا۔ مگر ابھی انتظار کریں ابھی اور بھی چیزیں آ رہی ہیں۔ حوصلہ رکھیں!
پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے کہا کہ یہ مسلم لیگ ن کا پرانا طریقہ واردات ہے، یہ اقتدار کے حصول کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے ہر ادارے کو متنازع بنانا ہے ججز کو بلیک میل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نظام عدل پر حملہ کر رہی ہے اور کس ڈھٹائی سے کر رہی ہے دنیا دیکھ رہی ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ یہ اصول کی جنگ ہے یہ کسی کو متنازع بنانے کی کوشش نہیں ہے بلکہ حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے پر کوئی کمیشن تشکیل دے جو کہ تحقیقات کرے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/saqib-nsiar-audioo.jpg