
قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے عدم اعتماد سے متعلق صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہی کروں گا جو آئین و قانون کے مطابق ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی گئی ہے، قومی اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا اچھا ہوا کہ تحریک آگئی اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، جو رولز میں درج ہے اسی کے مطابق چلیں گے، 14 روز کے اندر اسمبلی کا سیشن بلایا جائے گا۔
ق لیگ سے متعلق سوال کے جواب میں اسپیکر کا کہنا تھا کہ ہم آپس میں رابطے میں ہیں، آج بھی ہماری بات ہوئی ہے، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ مشاورت سے ہوگا اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، وزیراعظم عمران خان نے علیم خان گروپ کو منانے کیلئے عمران اسماعیل کی ذمہ داری سونپی ہے اس معاملے میں کیا پیش رفت ہوئی وہ میرے علم میں نہیں ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ممکنہ تبدیلی سے متعلق میں کچھ نہیں کہہ سکتا ، قومی اسمبلی کا اسپیکر ہوں اس کے بارے میں پتا ہے، اپوزیشن کی جانب سے ہر موقع پر کوئی نا کوئی مسئلہ کھڑا کیا جاتا ہے اور اس کا نتیجہ کیا نکلتا ہے ؟ صفر، اس بار بھی عدم اعتماد میں کچھ نہیں نکلے گا سب ٹھیک ہوجائے گا انشااللہ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6asadqaiarresponsencm.jpg