
اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کو انتخابات کیلئے بیٹھ کر بات چیت کی دعوت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ دعوت سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر شہزاد نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے دی اور کہا کہ آئینی وقانونی فریم ورک میں بیٹھ کر الیکشن کے راستے کی بات کریں، آگے بڑھنے کی بات کریں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی نہیں اس ملک کے لوگوں کی بات کررہا ہے، ہماری جماعت کسی قسم کا انتشار نہیں بلکہ پرامن الیکشن کی بات کرتی ہے، مگر یہاں فساد اور انتشار کے راستے چن کر الیکشن سے بھاگنے کے بہانے بنائے جارہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں عوام میں جاتی ہیں ، سیاسی جماعتوں کا عوام سے تعلق ختم نہیں ہوسکتا، پارلیمنٹ صدر کے آفس کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، مگر یہاں جب صدر آئین کی طرف توجہ دلاتے ہیں تو آپ ناراض ہوجاتے ہیں، آئین پاکستان نےفیڈریشن کے تمام یونٹس کو اکھٹا رکھا ہوا ہے، قومی لیڈران کا قوم کو اکھٹا رکھنےمیں اہم کردار ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی لیڈر مقبول ہوتا ہے تو اس کی جان کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے، یہاں زمان پار ک میں عمران خان کے گھر کو فتح کرنے کیلئے حملہ کیا گیا، لوگوں کو بے دردی سے شیلنگ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہمارے کارکنان کو گھروں سے اٹھایا گیا۔
ڈاکٹروسیم شہزاد نے کہا کہ ہمارے ملک میں آٹے کے حصول کیلئے لوگوں کی جانیں جارہی ہیں، غریب کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کی بات کی جاتی ہے تو آئی ایم ایف کی طرف سے جھاڑ پڑجاتی ہے۔